‘‘یوم پاکستان’’شوبزاورکھیل کےمیدان سےقوم کو مبارکباد کےپیغامات

کراچی: ملک بھر میں’’یوم پاکستان‘‘پورے جوش و جذبے سے منایاجارہا ہے اس موقع پر شوبز اور کھیل کے میدان سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے پوری قوم کو مبارکباد کے پیغامات دئیے ہیں۔

کرکٹ کی دنیا میں بوم بوم آفریدی کے نام سے شہرت پانے والے قومی ہیرو شاہد آفریدی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک ویڈیو شیئر کرائی ہے میں جس میں پاکستان کو صاف ستھرا رکھنے، دوستی اور امن کا پیغام دیا گیا ہے، ویڈیو کے پس منظر میں ملی نغمے کی خوبصورت دھن نے ویڈیو کو مزید شاندار بنادیاہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے پاکستان زندہ باد کا پیغام دیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے خوش بخت سرفراز کی ٹوئٹ ری ٹوئٹ کی جس میں پاکستانی جھنڈے کی ایک خوبصورت تصویر کے ساتھ پاکستانیوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

 

سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بانیان پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان کی کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم آج ایک آزاد ملک میں آزاد زندگی گزاررہے ہیں۔ آج یوم پاکستان کے موقع پر ہم ایک عہد کرتے ہیں کہ ہم سب مل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

ایسے موقعے پر شعیب ملک بھی کہاپیچھے رہتےہیں انہوں نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور  لکھا ’’یوم پاکستان مبارک ہو دوستو!‘‘۔

قومی کرکٹر کامران اکمل نے پاکستانی جھنڈے کی خوبصورت تصویر شیئرکرائی جس میں قومی پرچم فضاؤں میں لہرارہاہے جب کہ ایک فوجی جوان جھنڈے کے ساتھ کھڑا ہے اور پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔

وہاب ریاض نے یوم پاکستان کے موقع پر نہایت جذباتی پیغام شیئرکراتے ہوئے لکھا ’’یوم پاکستان کی پریڈ‘‘ دیکھ کرنہ صرف میں جذباتی ہوگیا بلکہ مجھے اپنے پاکستانی ہونے پر نہایت فخر محسوس ہورہاہے، پاکستان پائندہ باد۔

کرکٹر محمد حفیظ  کبھی بھی پاکستان کے اہم مواقعوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا نہیں بھولتے، یوم پاکستان کے موقع پر بھی انہوں نے پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد کا پیغام دیا۔

قومی کرکٹر حسن علی نے یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا پاکستان کی کہانی جدوجہد اور کامیابیوں پر مبنی ہے، ہمارے عظیم رہنماؤں نے مشکل حالات میں جدوجہد جاری رکھی اور کامیابی حاصل کی، پاکستان زندہ باد۔

شوبر سے وابسطہ پاکستانی  اداکاروں نے بھی نہایت خوبصورت انداز میں پوری قوم کو مبارکباد دی۔

پاکستان شوبز کے صف اول کے اداکار شان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے تمام ہم وطنوں کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی، انہوں نے دلوں کو گرمانے والا شعرپڑھا

’’رگوں میں دوڑتے پھرنے کے ہم نہیں ہیں قائل جو وطن کی خاطر نہ ٹپکے، پھر لہو کیاہے، پاکستان زندہ باد‘‘

یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی صف اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے نہایت خوبصورت انداز میں پوری قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مشہور نظم ’’سوہنی دھرتی اللہ رکھے‘‘ کے اشعار اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرائےاور پورے پاکستان کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ ان اشعار میں پاکستان سے محبت اورپاکستان کے لیے قربانی جذبہ بھرپور انداز میں جھلکتا ہے۔

نامور پاکستانی گلوکارو اداکار علی  ظفر نے یوم پاکستان کے موقع پر ملک سے محبت کے جذبے سے لبریز ملی نغمہ ’’جان دے دیں گے‘‘ریلیز کیاہے۔ اس ملی نغمے کے ذریعے انہوں نے پاکستان کے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اداکار فیصل قریشی پاکستان کے ہر اہم موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا کبھی نہیں بھولتے، یوم پاکستان کے موقع پر بھی انہوں نے23 مارچ کے حوالے سے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی اور پاکستان زندہ باد کا پیغام دیا۔

پاکستانی اداکارومیزبان حمزہ علی عباسی نے یوم پاکستان کی شاندار پریڈ کی تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اورملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ایک ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے اس تصویر کے ذریعے پیغام دیاکہ وہ تمام قوتیں جوپاکستان کو تنہا کرنا چاہتی ہیں دیکھ لیں، اس تقریب میں نہ صرف چین کی عسکری قوت موجود ہے بلکہ ترکی، سعودی عرب، آذربائیجان اورمسلم امہ کے قابل تعظیم رہنما مہاتیر محمد موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کو کوئی تنہا نہیں کرسکتا، اللہ اکبر!

اداکارہ وینا ملک نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ایک خوبصورت تصویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور بھارت کو پیغام دیا کہ’’بھارت کوئی قوم نہیں ہے اور نہ ہی کو ئی ملک ہے،  بلکہ یہ برصغیر ہے جہاں مختلف قومیتیں آباد ہیں۔‘‘