وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن سے ایک مسلم نوجوان نے ملاقات کی،مسلمانوں کی دلجوئی پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کی دعوت دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دوران ملاقات نوجوان نے وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں 3 دن سے مسلسل رو رہا ہوں، آپ بے مثال شخصیت کی مالک خاتون ہیں’۔
نوجوان نے کہا کہ خواہش ہے کہ دنیا کے تمام لیڈر آپ جیسے ہو جائیں،نوجوان نے مزید کہا کہ ‘مجھے امید ہے کہ آپ ایک دن مسلمان ہوجائیں گی۔
مسلم نوجوان کی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو دعوت اسلام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں قمیض شلوار میں ملبوس وزیراعظم جیسنڈرا آرڈن نے سر پر دوپٹہ لیا ہوا ہے اور نوجوان کی بات کو بغور سن رہی ہیں۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے اسلام قبول کرنے کی دعوت دینے والے مسلم نوجوان کو کہا کہ ’ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اور میرا خیال ہے میں نے وہی کیا ہے۔
نوجوان کی گفتگو سن کر جسینڈا آرڈرن مسکراتی رہیں اور نوجوان کو تھپکی بھی دی۔
وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو امن کے نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے سے متعلق 2 قرار دادوں پر دستخطی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ وزیر اعظم کے اقدامات کی دنیا بھر میں تعریف کی گئی تھی۔