مری کے جنگلات میں لگنے والی آگ بجھادی گئی

مری کے علاقے گھوڑا گلی اور سینو کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ جنگلات کے مطابق مری کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کارروائی میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے علاوہ ریسکیو ٹیموں نےبھی حصہ لیا۔

محکمہ جنگلات کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ سے چھوٹے بڑے ہزاروں درختوں کو نقصان پہنچا ہے۔

آگ نے جنگلات کے بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا تھا، جس پر محکمہ جنگلات کے 80 اہل کاروں اور ریسکیو ٹیم نے کافی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیوں کو سڑک نہ ہونے کے باعث متاثرہ جگہ تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، تاحال آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

مری کے جنگلات میں لگنے والی آگ کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے کر متعلقہ حکام اور محکموں کو جلد از جلد اسے بجھانے کی ہدایت کی تھی۔