امریکہ نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے حوالے سےچین کو سخت انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسعود اظہر کے لیے ڈھال نہ بنے۔
امریکا نے کہا ہے مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دینے اورپابندیاں لگانے کے لیےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) میں نئی تجویز لائی جائے گی جس کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل یو این ایس سی میں لائی گئی تجویز میں چین نے ویٹو کا استعمال کرتے ہوئے مسعود اظہر کو بچا لیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اب چین کو نظر انداز کرتے ہوئے فرانس اور برطانیہ کے ساتھ مل کر مسعود اظہرکے خلاف نئی تجویز لانے پر بات کرےگا۔ چین پر دباؤ ڈالنے کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دی جا سکتی ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ اس کے پہلے مسعود اظہر کے خلاف پابندیوں کیلیے لائی گئی تجویز پر 9 ممالک نے ساتھ دیا تھا،لیکن چین نے ویٹو پاؤر کا استعمال کرتے ہوئے تجویز کی مخالفت کی تھی جس کی وجہ سے تجویز خارج ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے برطانیہ اور فرانس کے ساتھ مل کر مسعود اظہر کو دہشتگرد قرار دینے کیلیے نیا مسودہ تیار کیا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام 15 ممبران میں تقسیم کر دیا گیا ہے جس پرجلد اجلاس بلایا جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپيو نے مسلمانوں کے سلسلہ میں دہری پالیسی اپنانے کے حوالے سے کہا کہ چین کی مسلمانوں کیلیے الگ پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ایک طرف مسلمانوں کو ہراساں کر رہا ہے تو دوسری طرف پاکستان کی جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ میں بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
پومپيو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ چین کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں رکھے گئے تمام ایغور مسلمانوں کو رہا کرنا چاہیے اور ا ن کے خلاف ظلم وستم کو ختم کیاجانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسلمانوں کے سلسلہ میں چین کے شرمناک رویہ کو برداشت نہیں کر سکتی ۔