بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران کسی پاکستانی ایف 16 طیارے کو نشانہ بنانے اور ایف 16 کے استعمال کے معاملے پر آئی ایس پی آر نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ 27 فروری کا واقعہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پار کارروائی پاکستان کی فضائی حدود کے اندر سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے کی اور پاک فضائیہ نے دونوں بھارتی جہازوں کو اپنے دفاع میں مار گرایا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی طیاروں کو ایف 16 نے نشانہ بنایا یا جے ایف 17 تھنڈر نے ، یہ سوال بے معنی ہے کیونکہ پاکستان کے تمام طیارے ہی فضا میں موجود تھے۔
ترجمان نے کہا کہ اگر ایف 16 استعمال ہوا تب بھی دو انڈین جہاز ہی نشانہ بنے، پاکستان اپنے دفاع کے لیے اپنی ہر صلاحیت کا مرضی کے مطابق استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔
یال رہے کہ 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ کے علاقے میں پے لوڈ گرایا تھا۔ بھارت کی جانب سے اس کارروائی کو سرجیکل سٹرائیک کا نام دیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ اس میں 300 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔
بھارتی کارروائی کے جواب میں پاکستان نے 27 فروری کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھارت کے ٹارگٹس کو نشانہ بنایا جس کے جواب میں بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہوگئے۔
پاک فضائیہ کے ماہر پائلٹس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 2 طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا تھا۔