مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی قابض فورسزکی سرچ آپریشن کے نام پرریاستی دہشتگردی جاری ہے، مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے لاسی پورہ میں قابض بھارتی فورسز نے محاصرے اور گھر گھر تلاشی کے نام پر کارروائی کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
قابض بھارتی فورسز کا دعویٰ ہے کہ چاروں نوجوان فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے، جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی بھی شدید زخمی ہیں۔
پلوامہ اور شوپیاں میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے قابض بھارتی فورسز کی بربریت سے متعلق عوام تک معلومات کی رسائی روکنے کے لیے انٹر نیٹ سروس بند کردی ہے۔
دوسری جانب ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ اور ویر ناگ میں بھی قابض بھارتی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں مارچ کے مہینے میں 26 کشمیریوں کو شہید کیا، گزشتہ ماہ شہید کیے گئے افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن کے نام پر بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ ماہ 251 کشمیری زخمی اور 148 گرفتار کیے گئے جب کہ 51 گھروں کو تباہ کیا گیا۔