ایئرلائن کی مالک روسی ارب پتی خاتون ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہو گئی۔ میل آن لائن کے مطابق 55سالہ نتالی فیلیوا روس کی سب سے بڑی ڈومیسٹک ایئرلائن ’ایس 7ایئرلائنز‘ کی مالک تھیں۔
وہ گزشتہ روز اپنے ذاتی طیارے پر جرمنی میں سفر کر رہی تھی کہ جرمن شہر فرینکفرٹ کے قریب اس کا جہاز گر کر تباہ ہو گیا۔
طیارہ گرتے ہی ایک دھماکہ ہوا اور طیارے کے ملبے کو آگ لگ گئی،طیارے میں نتالی کے علاوہ اس کا والد ویلرے کراشیف بھی سوار تھا۔
حادثے کے نتیجے میں تنالی، اس کا والد اور پائلٹ اینڈری ڈیکن تینوں ہلاک ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی خبر جب پولیس کو ملی تو اس کی ایک گاڑی تیزرفتاری کے ساتھ جائے وقوعہ کی طرف آ رہی تھی کہ اس کی ٹکر سے بھی دو لوگ ہلاک ہو گئے۔
نتالی جس طیارے میں سوار تھی وہ 6سیٹوں والا ایپک ایل ٹی طیارہ تھا جس میں وہ فرانس سے جرمنی پہنچے تھے، تاحال طیارے کے گرنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔
نتالی کا شمار روس کے امیر ترین لوگوں میں ہوتا تھا۔ اس کے اثاثوں کی مالیت 50کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 92ارب25کروڑ43لاکھ روپے) سے زائد ہے۔