حکومت نے پاکستان بھر میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچز دکھانے پر پابندی عائد کر دی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے ملک بھر میں آئی پی ایل کے میچز دکھانے پر پابندی کی منظوری دی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران انڈین براڈکاسٹر اپنا کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا تھا، وزارت اطلاعات و نشریات نے کابینہ سے آئی پی ایل پر پابندی لگانے کی درخواست کی تھی کیونکہ انڈیا نے پی ایس ایل کو کو منظم انداز میں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ پاکستان میڈیا الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) پاکستان میں آئی پی ایل کے نشر نہ ہونے کو یقینی بنائے گی۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد انڈین کمپنی آئی ایم جی ریلائنس نے پاکستان سپر لیگ میں بطور براڈ کاسٹر پارٹنر مزید کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہنگامی طور پر نئے براڈکاسٹر کا بندوبست کیا۔