اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ میانمار فوج کے ہیلی کاپٹر سے روہنگیا آبادی پر بمباری میں 30 روہنگیا مسلمانوں کی شہادت کا خدشہ ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میانمار کی ریاست رخائن میں میانمار فوج نے اقلیتی گروہ روہنگیا کی آبادی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 30 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے کہا کہ میانمار فوج کے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی درست تعداد جاننے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم غیر مصدقہ طور پر 30 کے لگ بھگ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب میانمار حکومت نے صرف 6 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ یہ کارروائی شدت پسند جماعت ’اراکان آرمی‘ کے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
ادھر اراکان آرمی کے ترجمان نے میانمار فوج کی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میانمار فوج نے متاثرہ علاقے میں گولہ باری کی اور اندھا دھند فائرنگ کی تاہم اس کارروائی میں جاں بحق و زخمی ہونے والے تنظیم کے جنگجو نہیں بلکہ عام شہری ہیں۔