یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو
یہ حکومت جعلسازی سے آئی ہے ہر کام میں جعلسازی کرتی ہے ۔فائل فوٹو

عمران خان اور ان کے وزرا ایک دن منہ چھپاتے پھریں گے۔احسن اقبال

رہنما پاکستان مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہعمران خان اور ان کے وزرا ایک دن منہ چھپاتے پھریں گے،انہوں نے اتنے جھوٹے کرپشن کے الزامات ہم پر لگا دیے جتنا کبھی پاکستان کا بجٹ نہیں ہوا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں اپوزیشن حکومت کا ساتھ دینے کے لیے تیار  ہیں تاہم ہمارے وزیراعظم کا رویہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ساری دنیا دیکھ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی حکمران جماعت ماضی کی کالعدم تنظیموں کے ساتھ کھڑی تھی اور اس کا عملی مظاہرہ ہم فیض آباد دھرنے میں دیکھ چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈان لیکس افسوس ناک واقع تھا، میں پہلے بھی کہ چکا ہوں کہ ہمارے دور حکومت میں کچھ عناصر سی پیک کے منصوبے کو روکنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان انتشار پھیلانا چاہتے تھے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کوئی وزیر اعظم یا کوئی ادارہ تن تنہا ملک کے بڑے مسائل کو حل نہیں کر سکتا اس کے لیے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے دہشت گردی کا خاتمہ ، یا معیشت کے مسائل کو حل کرنا ہے تو تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جو وسائل دستیاب تھے اس میں رہتے ہوئے کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے ٹولے کا انجام برا ہو گا یہ لوگ پگڑیاں اچھالتے ہیں اگر ہمارے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں تو الزامات نہ لگائیں بلکہ عدالتوں میں کیس دائر کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن سے قبل جب یہ تاثر دیا گیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت اقتدار میں نہیں آئی گی تو ایک دم ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی جس سے انوسٹر کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا۔