شمالی کوریا کی پارلیمنٹ نے ایک بار پھر کم جونگ اُن کو ملک کا سپریم لیڈر منتخب کر لیا جب کہ ملک کے کئی اہم عہدوں پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا میں کئی برسوں کے بعد اعلیٰ قیادت میں تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔ شمالی کوریا کی 14 ویں سپریم اسمبلی کے پہلے اجلاس میں کم جونگ اُن کو نظریاتی اقدامات، حکمت و دانائی سے بھر پور فیصلوں اور تجربے کار قیادت کے باعث ایک بار پھر ریاست کا سپریم لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔
سپریم اسمبلی کے انتخاب کے بعد کم جونگ اُن ریاستی امور کے کمیشن کے ’چیئرمین‘ کے طور پر برقرار رہیں گے تاہم اب اس عہدے کو چیئرمین کے بجائے ’کوریائی عوام کے سپریم نمائندے‘ کا نام دیا گیا ہے۔
سپریم اسمبلی نے ایک اہم تبدیلی ’چوئے ریانگ ہئے کو سپریم پبلک اسمبلی کا صدر نامزد کر کے کی ہے، آئینی طور پر یہ عہدہ بے اختیار سربراہ مملکت کے برابر ہوتا ہے تاہم اب بھی طاقت کا اصل مرکز کم جونگ اُن ہی ہوں گے۔
سپریم اسمبلی نے ملک کا نیا ’پریمیئر‘ بھی منتخب کیا، اس عہدے پر کم جے ریانگ اپنے پیشرو پاک پونگ جو کی جگہ ذمے داریاں نبھائیں گے۔ کم جے ریانگ ایک عرصے سے حکمراں پارٹی کے اہم عہدوں پر منصب فائز رہے ہیں۔ یہ عہدہ محدود اختیارات کے ساتھ وزیراعظم کے منصب کے برابر ہوتا ہے۔