وزیراعظم عمران خان چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔ وزیراعظم چینی صدر کی دعوت پر بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کرینگے۔
وزیر اعظم وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے پر چین پہنچے،بیجنگ پہنچنے پر پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور چینی سفیر لی لائفنگ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، روانگی سے قبل ان کے خصوصی طیارے میں فنی خرابی کے باعث تقریبا ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی۔
وزیراعظم عمران خان 4 روزہ سرکاری دورے پربیجنگ پہنچ گئے ہیں، وفاقی وزیر فیصل واوٴڈا، وزیر ریلوے شیخ رشید، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیرتجارت عبدالرزاق داوٴد اور ڈاکٹر عطا الرحمن وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
روانگی سے قبل وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین شراکت نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کیساتھ دورے کا آغاز کر رہا ہوں۔ پاکستان اور چین کی دوستی عوام کے دلوں میں ہے۔ تعاون اور دو ٹوک حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی باہمی احترام پر مبنی ہے اور چین ہمارا قریبی دوست اور آئرن برادر ہے۔ دورے کے دوران بہترین دوست صدر شی چن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات بھی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ون آن ون ملاقات 28 اپریل کو ہو گی۔ وہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی ایجنڈا برائے 2030 کے سیشن میں بھی شرکت کریں گے۔
ملائشیا، مصر، بیلا روس ، ایتھوپیا سمیت کئی سربراہان مملکت سے ملاقات طے پا گئی، عمران خان کے اعزاز میں پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن ظہرانہ دے گی۔
وزیراعظم عمران خان 27 اپریل کو انٹرنیشنل کانفرنس سینٹرپہنچیں گے جہاں چینی صدر استقبال کریں گے۔ چین سے مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کریں گے۔ نجی ٹیک کمپنی (ہواوے ) کے سی ای او سے ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔