کراچی کا پارہ 41 تک پہنچ گیا، سورج کا پارہ چڑھتا دیکھ کر محکمہ صحت نے سندھ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی میں شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، پانی زیادہ پئیں۔
سورج نے تیور کیا بدلے، گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کے خطرے کی گھنٹی بجا دی تو محکمہ صحت نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے فوری انتظامات کی ہدایت بھی کردی۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ شہری شدید گرمی میں گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر کوئی شخص ہیٹ ویو سے متاثر ہوجائے تو اسے فوری طور پر ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ منتقل کریں، پانی پلائیں اور ٹھنڈے پانی کی پٹیاں رکھی جائیں۔
طبی ماہرین کے مطابق شوگر، دل اور کینسر کے مریض گرمی کے موسم میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہیٹ ویو کے خدشات موجود ہیں، سال 2015 میں کراچی میں ہیٹ ویو کے نتیجے میں سیکڑوں اموات ہوئی تھیں۔