تھائی لینڈ میں بادشاہ کی روایتی تاج پوشی کی تقریب سے قبل کیے جانے والے ایک غیر متوقع ’اعلان‘ نے پورے ملک کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ اعلان 66 سالہ بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن کی شادی سے متعلق تھا کہ انہوں نے اپنی ذاتی سیکیورٹی گارڈ جنرل سوتھیدا وجیرالونگ کورن نا ایودھیا سے شادی کرکے انہیں شاہی ملکہ کا درجہ دے دیا ہے۔
بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن کو 2016 میں والد کی وفات کے بعد تھائی لینڈ کا آئینی بادشاہ بنایا گیا تھا۔ ان کو بادشاہ ’راما دہم‘ کہا جاتا ہے۔
اس سے قبل بھی بادشاہ مہاوجیر الونگ کورن تین شادیاں کرچکے ہیں جو ختم ہوچکی ہیں۔ بادشاہ کی تین سابقہ بیویوں سے سات بچے ہیں۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق جاری کردہ شاہی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’بادشاہ وجیرالونگ کورن نے اپنی ذاتی سیکیورٹی گارڈ جنرل سوتھیدا وجیرالونگ کورن نا ایودھیا کو شاہی ملکہ کا درجہ دے دیا ہے اور وہ اب تمام شاہی اعزازات کے ساتھ شاہی خاندان کا حصہ ہیں‘‘۔
خبررساں اداروں کے مطابق ملکہ سوتھیدا کا بادشاہ وجیرالونگ کورن کے ساتھ ’تعلق‘ کے چرچے پرانے ہیں۔ ماضی میں بھی عالمی اخبارات عوامی مقامات پر انہیں بادشاہ کے ساتھ دیکھے جانے کی خبریں شائع کرتے رہے ہیں۔
سرکاری سطح پر بادشاہ اور جنرل سوتھیدا کے درمیان کسی بھی قسم کے تعلق کوماضی میں تسلیم نہیں کیا گیا لیکن اب پہلی بار اس کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق شادی کی تقریب کو تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا۔ شادی کی تقریب میں شاہی خاندان اور شاہی محل کے مشیران بھی موجود تھے
خبررساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی فوٹج میں بادشاہ کو ملکہ سوتھیدا کے سر پر مقدس پانی ڈالتے دکھایا گیا جس کے بعد شاہی جوڑا شادی کے کاغذات پر دستخط کرتے ہوئے بھی نظر آیا۔
تھائی لینڈ کے بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن نے 2014 میں فضائی کمپنی ’تھائی ائیرویز‘ کی فضائی میزبان سوتھیدا تڈجائے کو اپنے ذاتی گارڈز کے یونٹ کی ڈپٹی کمانڈر تعینات کیا تھا۔
تھائی ایئرویز کی فضائی میزبانی سے اچانک شاہی محافظوں کے یونٹ کی ڈپٹی کمانڈر بننے والی سوتھیدا تڈ جائے کو دسمبر 2016 میں تھائی فوج میں جرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی۔
تھائی لینڈ کے موجودہ بادشاہ مہاوجیرالونگ کورن کے والد بھومبول ایڈلیڈجج 70 سال تک ملک کے بادشاہ رہے تھے۔ موجودہ دنیا میں یہ دور طویل ترین بادشاہت کا کہلاتا ہے۔ ان کا انتقال 2016 میں ہوا تھا۔