ملک کا تو پتہ نہیں البتہ مہنگائی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے ۔فائل فوٹو
ملک کا تو پتہ نہیں البتہ مہنگائی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے ۔فائل فوٹو

ملک بچانا ہے یاحکومت،عوام فیصلہ کر لیں۔لیگی رہنما

پاکستان مسلم لیگ ن کے بزرگ رہنما اور نواز شریف کے درینہ ساتھی عبدالحمید خان نے ایک بیان کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف جس طرح سینہ تان کرجیل گئے ہیں ان کے اس حوصلے کو عوام سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے نواز شریف کبھی کسی کے سامنے جھکا ہے اور نہ جھکے گا جن کے ذہنوں میں یہ فتور ہے کہ وہ ان کو جھکانے میں کامیاب ہو جائیں گے وہ احمقوں کی جنت کے مکین ہیں۔

عبدالحمید خان  نے کہا کہ نواز شریف ناکردہ گناہ کی سزا بھگت رہے ہیں،مسلم لیگ ن کے کارکن سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کو سی پیک دینے اور ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی سزا دی گئی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ عمران نیازی حکومت نے کرپشن کے نام پرغریب کے منہ سے روٹی چھین لی ہے، مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے،سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے دوسری جانب بنی گالہ کے تمام بیروزگاربرسرروزگار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگریہ حکومت زیادہ دیرعوام پر مسلط رہی تو ملک کسی حادثے سے دوچارہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ملک بچاناہے یا حکومت،عوام فیصلہ کر لیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ،ان کے حواریوں اور درباریوں نے اداروں کو فعال بنانے کے بجائے مخالفین کے انتقام پرلگادیا گیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں بد ترین مخالف دیکھے لیکن عمران خان جیسا کم ظرف مخالف سیاسی تاریخ میں نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کوباضابطہ طور پرآئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے،وزیر خزانہ اورگورنر اسٹیٹ بینک لگانے کے بعد ہرچیزآئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دی گئی ہے۔

ان کا کہناتھا کہ اب ملک  کی قسمت اور معیشت کے فیصلے آئی ایم ایف کرے گا،انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں اب کچھ نہیں بچا، کرنسی نوٹوں پرسے قائد اعظم کی تصویرہٹا دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شنید ہے کہ  بجلی اور گیس کو مزید مہنگا کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جس سے عوام زندہ درگور ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں دہشت گردی کا واقعہ ہو جانا حکومت کی نالائقی، نااہلی اورعوام کے جان ومال کے حوالے سے عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔