پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر رہنما عبدالحمید خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ معشیت تباہ و برباد ہو چکی ہے، سرمایہ کار ملک سے بھاگ رہا ہے اور حکومت اپنی نااہلیوں کو چھپانے کیلیے الزامات کی چھتری تلے پناہ لینے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔
عبدالحمید خان کا کہناتھا کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ہمیشہ سے آئی ایم ایف کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور وہ آئی ایم ایف کے مفادات کوہی تحفظ دیں گے ان کو پاکستانی عوام کی کوئی فکرنہیں وہ نوکری پوری ہونے بعد ملک سے چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس لگانے کی آئی ایم ایف کی شرائط کو سرجھکا کر قبول کرلیا ہے، ان شرائط کے بعد پاکستان کے عوام آئی ایم ایف کےغلام بن جائیں گے جب کہ معاہدے سے بجلی، گیس اورتیل کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ڈالرکی قیمت بڑھتی جا رہی ہے، روپیہ اپنی قدر کھوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کا تو پتہ نہیں البتہ مہنگائی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے ۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی نئی شرائط کے تحت ملک میں مہنگائی اورغربت میں اضافہ اور بے روزگاری کا خوفناک طوفان اٹھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ہزار ارب روپے کے اضافی ٹیکس لگائے جائیں گے،روپے کی قدراور کم ہو گی تواشیائے صرف مزید مہنگی ہو جائیں گی جس سے غریب اور مزدور کی کمر ٹوٹ جائے گی۔