امریکی محکمہ خارجہ نے بغداد میں اپنے سفارت خانے اور اربیل میں قونصل خانے سے غیر ضروری سفارتی عملے کو عراق سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے عراق میں سفارتی عملے کو یہ حکم ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر دیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے گذشتہ ہفتے جرمنی کا طے شدہ دورہ منسوخ کر کے اچانک عراق کا دورہ کیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ نے عراقی رہنماؤں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ عراق میں موجود امریکی باشندوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
امریکہ حالیوں ہفتوں میں ایران پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ علاقے میں امریکہ کے مفادات پر حملوں کی تیاری کر رہا ہے، جس کی وجہ سے وہ خطے میں اپنی فوجی طاقت کو بڑھا رہا ہے۔
امریکہ نے سفارتی عملے کو جاری کیے جانے والے پیغام میں کہا ہے کہ عراق میں کئی دہشتگرد اور جنگجو گروپ متحرک ہیں اور وہ عراقی سکیورٹی فورسز پر تواتر سے حملے کرتے رہتے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ عراق میں متحرک امریکہ مخالف ملییشیا عراق میں موجود امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔