مغربی افریقہ کے مسلمان ملک نائجر کی فوج پر حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 28 ہوگئی ہے ۔ نائجر کی فوج پرحملہ مالی کی سرحد کے قریب ہوا جس کی ذمے داری دہشتگرد تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔
فرانسیسی خبرایجنسی اے ایف پی کے مطابق نائجر کے فوجی ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ منگل کے روز ہونے والے حملے میں ابتدائی طور پر17 اہلکاروں کی ہلاکت اور11 کے لاپتا ہونے کی اطلاع تھی تاہم بدھ کے روز 11 لاپتہ فوجیوں کی لاشیں مل گئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب جمعرات کے روزشدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔
خیال رہے کہ نائجرین فوج کی گشتی پارٹی پر مالی کی سرحد کے قریب ٹونگو ٹونگو قصبے میں حملہ ہوا تھا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ قصبے میں بھاری ہتھیاروں سے لیس افراد نے فوج پر حملہ کیا۔ فوج اور دہشتگردوں کے مابین 2 گھنٹے تک جھڑپ جاری رہی۔ فوجی پارٹی میں 52 اہلکار شامل تھے جن میں سے صرف 22 ہی تین گاڑیوں میں سوار ہو کر اپنے کیمپ میں واپس پہنچ پائے۔