سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔فائل فوٹو
سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔فائل فوٹو

آئی سی سی نے ورلڈکپ کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم رکھ دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم رکھی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملے گی جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم 2 ملین یعنی 20 لاکھ ڈالرز انعام وصول کرے گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کو 8، 8 لاکھ ڈالرز جب کہ لیگ میچز جیتنے والی ٹیموں کو 40، 40 ہزار ڈالرز ملیں گے۔

یاد رہے کہ 2015 کے ورلڈکپ میں بھی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالرز تھی لیکن اس وقت فاتح ٹیم کو آسٹریلیا کو 37 لاکھ 50 ہزار ڈالرز جب کہ رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ کو 17 لاکھ 50 ہزار ڈالرز دیے گئے۔

لیکن 2015 کے ورلڈکپ فارمیت کے تحت ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے کی صورت میں فاتح ٹیم زیادہ سے زیادہ 40 لاکھ 20 ہزار ڈالرز انعامی رقم جیت سکتی تھی ۔

اس طرح موجودہ ورلڈکپ 2019کی فاتح ٹیم کی 2015 کی نسبت ڈھائی لاکھ ڈالرز زیادہ رقم ملے گی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا سب سے زیادہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز رکھتا ہے ، اس نے 1987، 1999، 2003، 2007، اور 2015 میں عالمی کپ جیتے۔

2017 میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فاتح ٹیم یعنی پاکستان کو 22 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم ملی تھی۔