مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں پٹرولنگ پرمامور بھارتی فوج کی گاڑی کو بارودی سرنگ دھماکے سے اُڑا دیا گیا جس کے نتیجے ایک اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پونچھ سیکٹر کے علاقے میندھر میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور7 زخمی ہوگئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب بھارتی فوج کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
دھماکے کی نوعیت سے متعلق متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، دھماکا بارودی سرنگ کا لگتا ہے تاہم بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہے، ابھی حادثے کی نوعیت سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا، پہلی ترجیح زخمیوں کی جانوں کو بچانا ہے۔