بھارت میں لوک سبھا انتخابات 2019 کے نتائج کا آج اعلان ہوگا، ووٹوں کی گنتی کا آغاز جمعرات کو صبح آٹھ بجے سے ہوگا اور نتائج کی تکمیل تک جاری رہے گا۔
انتخابی نتائج کے پیش نظر پولنگ سینٹروں اور حساس اضلاع میں سینٹرل پیرا ملٹری کی کمپنیاں اور پی اے سی کی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ساتھ ہی پورے ملک میں نظم ونسق کو چست و درست رکھنے کے لیے وسیع ترانتظامات کیے گئے ہیں۔
حتمی نتائج سے قبل تمام ایگزٹ پول میں بی جے پی اور ایس پی۔ بی ایس پی کے درمیان سخت مقابلے کی پیش قیاسی کے بعد تمام کی آنکھیں جمعرات کو اترپردیش کے 80 لوک سبھا سیٹوں کے حتمی نتائج پر مرکوز ہیں۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے ملک کی تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں اورپولیس سربراہان (ڈی جی پی) کو الرٹ بھیجا ہے۔ انہیں یہ الرٹ جمعرات 23 مئی کوہونے والی ووٹوں کی گنتی سے متعلق جاری کیا گیا ہے۔
الرٹ پیغام میں ووٹوں کی گنتی والے دن مختلف ریاستوں میں فسادات برپا ہونے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے ریاستوں اورمرکزکے زیر انتظام علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جائے۔