کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں افغان ٹیم نے پاکستان کو3وکٹوں سے شکست دیدی۔
انگلینڈ میں کرکٹ کے میگا ایونٹ کا آغاز30 مئی سے ہوگا لیکن اس سے قبل تمام ٹیمیں پریکٹس کے لیے وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں، اپنے پہلے میچ میں پاکستان کا ٹاکرا برسٹل کے گراؤنڈ میں افغانستان سے ہوا جہاں پاکستان کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48 ویں اوور میں 262 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق 32، فخرزمان 19، حارث سہیل 1، محمد حفیظ 12 ، شعیب ملک 44، سرفراز احمد 13، عماد وسیم 18، حسن علی 6 اور شاداب خان ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 112 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے محمد شہزاد اور حضرت اللہ نے اوپننگ کی، شہزاد نے 25 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جب کہ حضرت اللہ 28 بالز پر 49 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئےشاداب خان کی بال پر شعیب ملک نے انہیں کیچ آؤٹ کیا۔
رحمت شاہ نے 49 گیندوں پر 32 رنز، سمیع اللہ شنواری نے 22، اصغر افغان نے 7، محمد نبی نے 34، گلبدین نائب نے دو رنز بنائے جب کہ نجیب اللہ نے ایک رنز بنایا۔
چوتھے نمبر پر آنے والے حشمت اللہ شاہدی نے میچ کی فتح میں کردار ادا کیا اور 102 گیندوں پر74 رنز اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
ایک اور وارم اپ میچ میں سائوتھ افریقہ نے سری لنکا کو باآسانی چت کر دیا۔سائوتھ افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337رنز بنائے تھے جواب میں سری لنکا کی ٹیم251رنز بناسکی اور87رنز سے میچ ہار گئی۔