محمد حفیظ کو84 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اورایک وکٹ لینے پر پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا
محمد حفیظ کو84 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اورایک وکٹ لینے پر پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

ورلڈکپ2019 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے ہرا دیا، پاکستان کے 349 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم روٹ اور بٹلر کی سینچریوں کے باوجود 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز ہی بنا سکی۔

قومی ٹیم کو پہلی کامیابی دوسرے ہی اوور میں حاصل ہوئی جب جیسن روئے 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد جو رووٹ اور بیرسٹرو نے انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالا دیا اور دوسری وکٹ کے لئے 48 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم دونوں کھلاڑیوں کا ساتھ زیادہ دیر نہ چل سکا اور وہاب ریاض نے بیرسٹرو کو آئوٹ کر دیا جنہوں نے 32 رنز بنائے۔

انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جوئے رووٹ کریز ٹیم کو سنبھالا دینے کی غرض سے کریز پر آئے مگر ان کا سفر زیادہ طویل ثابت نہیں ہو سکا اور کپتان مورگن محمد حفیظ کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے والے بین اسٹوکس، جو روٹ کا ساتھ دینے آئے تاہم زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور شعیب ملک کے ہاتھوں 13 رنز کے انفرادی اسکور پر آئوٹ ہو گئے۔

جوئے روٹ نے عمدہ اننگز کھیلتے ہوئے 104 گیندوں پر 107 رنز بنائے مگر وہ ٹیم کو میچ میں کامیابی نہ دلوا سکے۔

اس سے قبل انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 82 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، فخرزمان 36 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے اور امام الحق بھی 44 رنز بنانے کے بعد معین علی کا ہی شکار بنے۔

بابراعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان سرفراز احمد نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 55 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ آصف علی صرف 14 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے 3،3 جب کہ مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

محمد حفیظ کو84 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اورایک وکٹ لینے پر پرمین آف دی میچ قرار دیا گیا۔