دسمبر تک بی آرٹی کے کمرشل پلازے اور ڈپوز مکمل ہوجائیں گے،فائل فوٹو
دسمبر تک بی آرٹی کے کمرشل پلازے اور ڈپوز مکمل ہوجائیں گے،فائل فوٹو

خیبرپختونخوا حکومت کا ایک روزہ قضا رکھنے کا اعلان

صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے 28 روزوں پر عید منانے کے باعث ایک روزہ قضا رکھنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ ان لوگوں سے جنہوں نے 28 روزوں پرعید کی ہے ان سے بھی ایک قضا روزہ رکھنے کے لیے کہا ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے پہلا روزہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق7 مئی کو رکھا تھا جس کے تحت 3 جون تک ہمارے 28 روزے ہوئے ہیں اس لیے 4 جون کو عید منانے کے بعد وزیراعلیٰ اور کابینہ کے دیگر ارکان ایک قضا روزہ رکھیں گے۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق پہلا روزہ رکھا تھا وہ بھی ایک قضا روزہ رکھیں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مقامی طور پر عید کرنے کے حوالے سے مرکزی حکومت سے رابطہ کیا، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان نے خود وزیراعظم کے ساتھ رابطہ کرتے ہوئے انھیں قبائلی اضلاع سے متعلق صورت حال اور اظہار یکجہتی کے تحت مقامی طورپرعید منانے کے فیصلے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم نے بھی وزیراعلیٰ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے انھیں اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کے لیے کہا۔

صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ہمارا کسی سے اختلاف کا معاملہ نہیں بلکہ ہم قبائلی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ صوبائی حکومت اور پورا صوبہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اسی لیے صوبائی حکومت کی سطح پر 4 جون کو عید کرنے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ قبائلی علاقہ جات میں مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے مطابق عید کی جاتی ہے اس لیے اگر ہم ان سے ایک دن بعد عید کرتے تو یہ مناسب اقدام نہ ہوتا اوراس سے یہی تاثر پیداہوتا کہ صوبائی حکومت اور قبائلی عوام الگ، الگ کھڑے ہیں۔