محکمہ داخلہ بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت میں عید کے روز موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے کوئٹہ میں عیدالفطرکے موقع پرموٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے، پابندی کا اطلاق چاند رات سے عید کے پہلے روز دوپہر12 بجے تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ دفعہ 144 کے تحت کوئٹہ میں چاند رات پر ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی ہوگی جب کہ ضلع بولان میں اور پیرغائب کےمقام پر پانی میں نہانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب صوبائی حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر جیلوں اور لاک اپس میں قیدیوں کی سزا میں 60 دن کمی کا بھی اعلان کیا ہے تاہم اس کا اطلاق دہشت گردی، قتل، اغواء، جنسی زیادتی، ڈکیتی اور دیگرسنگین جرائم کے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔