افغانستان کے صدر اشرف غنی نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے رواں ماہ کی 27 تاریخ کو پاکستان کے دورے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر 27 جون کو مختصر دورے پر پاکستان جائیں گے۔
افغان صدر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے یکم جون کو سعودی عرب میں ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جسے میں نے شکریہ کے ساتھ قبول کرلیا تھا۔
صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، دورہ پاکستان کے دوران دونوں رہنماؤں کے دوران سیکیورٹی اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت اور مشاورت کی جائے گی جب کہ افغان مفاہمتی عمل، پاک افغان سیکیورٹی مسائل اور سرحدوں پر باڑ لگانے سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔