کرکٹ ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دیدی۔ ڈیوڈ وارنزکو شاندار107رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
پاکستانی بیٹسمینوں نے فاسٹ بولر محمد عامر کی کیریئر بیسٹ بولنگ پر پانی پھیرتے ہوئے 308 رنز کے ہدف کو پہاڑ بنالیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم محمد عامر کی شانداربولنگ کے باعث 49 اوورز میں 307 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی جواب میں پاکستان کی ٹیم 45.4 اوورز میں 266 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔ صرف دو کے مجموعی اسکور پر فخر زمان غیر ذمے دارانہ اسٹروک کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ وہ کوئی رن نہ بناسکے۔
دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور 56 تک پہنچایا، اس موقع پر بابر اعظم 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد محمد حفیظ امام الحق کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے اسکور 136 پر پہنچادیا۔ اس موقع پر امام الحق 75 گیندوں پر 53 رنز بناکر کمنز کا شکار بن گئے۔ مجموعی اسکور میں 10 رنز کے اضافے کے بعد محمد حفیظ بھی 46 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
147 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ 160 کے اسکور پر آصف علی صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر حسن علی نے جارحانہ بیٹنگ کی اور15 گیندوں پر3 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر وہاب ریاض کریز پر آئے اپنی دھواں دار بیٹنگ سے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ انہوں نے 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔
مچل اسٹارک کی یارکر پر محمد عامر بھی بولڈ ہوگئے وہ کوئی رن نہ بناسکے۔آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جو40 رنزبنا کرآئوٹ ہوئے۔
ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
سرفراز کی منصوبہ بندی کے برعکس آسٹریلیا کو ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے بہترین آغاز فراہم کیا اور دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بنائے۔ ایرون فنچ کو محمد عامر نے شکار کرکے پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی۔
اس دوران پاکستان کی فیلڈنگ انتہائی ناقص رہی اور کئی کیچ ڈراپ کرنے کے ساتھ ساتھ کئی مواقع پر مِس فیلڈنگ کا بھی مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 29 ویں اوور میں 189 رنز پر گری۔ اس موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا باآسانی 350 رنز بنا لے گا لیکن پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کا رویہ یکسر تبدیل ہوا اور پاکستان میچ میں واپس آتا دکھائی دیا۔
42 ویں اوورز میں آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 288 تھا مگر پاکستانی بولرز نے آخری سات اوورز میں صرف 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں اور دفاعی چیمپیئن کو 307 رنز پر آؤٹ کر دیا۔
آسٹریلیا جانب سے ڈیوڈ وارنز 107 اور ایرون فنچ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ پاکستان کی جانب سے محمد عامر 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ عامر کے ون ڈے کیریئر میں پہلا موقع تھا جب انہوں نے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔
محمد عامر نے اپنے کیریئر کی شاندار بولنگ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک روزہ میچوں میں 5 وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹیم | میچ | جیتے | ہارے | پوائنٹس | رن ریٹ |
---|---|---|---|---|---|
نیوزی لینڈ | 3 | 3 | 0 | 6 | 2.163 |
آسٹریلیا | 4 | 3 | 1 | 6 | 0.57 |
انگلینڈ | 3 | 2 | 1 | 4 | 1.307 |
بھارت | 2 | 2 | 0 | 4 | 0.539 |
سری لنکا | 4 | 1 | 1 | 4 | -1.517 |
ویسٹ انڈیز | 3 | 1 | 1 | 3 | 2.054 |
بنگلہ دیش | 4 | 1 | 2 | 3 | -0.714 |
پاکستان | 4 | 1 | 2 | 3 | -1.796 |
سائوتھ افریقہ | 4 | 0 | 3 | 1 | -0.952 |
افغانستان | 3 | 0 | 3 | 0 | -1.493 |