ورلڈکپ کے 26 ویں میچ می دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے بنگلادیش کو 48 رنز سے شکست دے دی۔
ناٹنگھم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 382 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 333 رنز تک محدود رہی، بنگال ٹائیگرز کی جانب سے تجربہ کار بیٹسمین مشفق الرحیم نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم ان کی یہ سنچری بھی ٹیم کے کسی کام نہ آئی۔
اوپنر تمیم اقبال نے 62،سومیا سرکار نے 10، شکیب الحسن نے 41 رنز کی باری کھیلی جب کہ لیتن داس 20،محمداللہ 69، شبیر رحمان صفر، مہدی حسن مرزا اور مشرفی مرتضیٰ 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا اور 121 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا، کپتان فنچ 53 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ پر وارنر اور عثمان خواجہ نے 192 رنز جوڑے اور مجموعے کو 313 تک پہنچایا، وارنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 14 چوکے شامل تھے جب کہ عثمان خواجہ 10 چوکوں کی مدد سے 89 بنا کر آؤٹ ہوئے۔میکسویل 32 اور اسمتھ ایک رن بنا کر پویلین لوٹے جب کہ اسٹوئینس 17 اور کیرے 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے سومیا سرکار نے 3 اور مستفیض الرحمن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ڈیوڈ وارنرکو شاندار بیٹنگ کرنے اور سینچری بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک،اسٹوئینس اورکولٹر نائل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا بنگلہ دیش کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔آسٹریلیا نے اب تک ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیلے ہیں جن میں سے پانچ میں وہ کامیاب رہی ہے اور سیمی فائنل مرحلے تک اس کی رسائی تقریباً طے ہے۔
کنگروز کو ورلڈ کپ میں صرف بھارت کے ہاتھوں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ہی کے پڑوسی ملک نیوزی لینڈ کا نمبر ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد نو ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
ان فارم بھارتی ٹیم اس فہرست میں چوتھے جبکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھانے والی بنگلہ دیشی ٹیم ابھی بھی پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
اسی طرح پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کی چھٹی، ویسٹ انڈیز کی ساتویں جبکہ جنوبی افریقہ کی آٹھویں پوزیشن ہے۔
ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی پاکستانی ٹیم بدستور پوائنٹس ٹیبل پر نویں جبکہ افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔