کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا اور شدید و طویل گرمی کے بعد موسم خوشگوار ہوتے ہی شہریوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی، تاہم شہر میں بارش شروع ہوتے ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ لسبیلہ بلوچستان سے داخل ہوا جس کے بعد سعودآباد، ملیر ہالٹ، ایئرپورٹ، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، میمن گوٹھ پر تیز بارش شروع ہوگئی جب کہ شارع فیصل، نرسری، کورنگی، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن، گارڈن، لیاری ٹاؤن اور کیماڑی کے علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔
تیز بارش اور طوفان کے بعد محمود آباد، شارع فیصل، نرسری، بلدیہ ٹاؤن، ملیر، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ تیز ہواؤں اور طوفان کے باعث کراچی حیدرآباد موٹروے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، دوسری جانب حیدرآباد اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور مٹی کے طوفان سے حد نگاہ کم ہوگئی
دادو میں بھی مٹی کے طوفان کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ گزشتہ روز تھرپار کے علاقے ننگر پارکر میں تین سال بعد بارش ہوئی تھی جس سے وہاں کا موسم خوشگوار ہو گیا اورمکینوں کے چہرے کھل اٹھے۔