کرکٹ ورلڈکپ کے 27ویں میچ میں سری لنکا نے ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے 233 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رواں ورلڈکپ میں 397 رنز کا ریکارڈ ہدف دینے والی انگلش بیٹنگ لائن سری لنکا کے خلاف ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
سری لنکن بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے آغاز سے ہی حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کے نتیجے میں کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم نہ ہوسکی جب کہ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی برقرار رہا۔
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس 82 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ جوئے روٹ نے 57 اور کپتان مورگن 21 رنز ہی بنا سکے، اوپنر ونس 14، بیرسٹو صفر، بٹلر 10، معین علی 16، ووکس 2، عبدالرشید ایک، آرچر 3 اور ووڈ بغیر کوئی اسکور کیے پویلین لوٹے۔
سری لنکا کے تجربہ کار فاسٹ بولر ملنگا نے 4 وکٹیں لے کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جب کہ ڈی سلوا نے 3، ادانا نے 2 اور پرادیپ نے ایک وکٹ حاصل کی، ملنگا کو بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل سری لنکن کپتان ڈیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ابتدائی دو بلے باز محض 3 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کرونارتنے ایک اور کشال پریرا دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد تیسری وکٹ پر فرننڈس اور کشال مینڈس نے محتاط انداز اپنایا اور 59 رنز کی شراکت قائم کی۔
فرنینڈو 39 گیندوں پر2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز پر کرس ووکس کی گیند پر عادل رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کشال مینڈس نے بھی 46 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آؤٹ آف فارم اینجلو میتھیوز نے ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دھننجیا ڈی سلوا نے بھی 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے جب کہ انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور مارک ووڈ نے تین تین جب کہ عادل رشید نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے انگلینڈ کو حیران کن طور پر شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن بہتر بنالی ہے۔
میچ سے قبل سری لنکا کے پانچ میچ کھیلنے کے بعد چار پوائنٹس تھے تاہم اب اس کے چھ پوائنٹس ہوگئے ہیں اور یہ بنگلہ دیش سے آگے نکل کر پانچویں پوزیشن پر آگئی ہے۔
انگلینڈ کو اس شکست پر یقینی طور پر مایوسی ہوئی ہوگی کیوں کہ نہ صرف سری لنکا بلکہ ورلڈ کپ جیتنے کے لیے فیورٹ قرار دی جارہی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر انگلینڈ کے آٹھ پوائنٹس ہیں اور یہ شکست کے باوجود اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔
ٹیبل پر آسٹریلیا بدستور پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے جبکہ بھارت چوتھے نمبر پر موجود ہے۔سری لنکن ٹیم انگلینڈ کو ہراکر پانچویں جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز کا ساتواں جبکہ جنوبی افریقہ کا آٹھواں نمبر ہے۔پاکستانی ٹیم نویں اور افغانستان دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔