کرکٹ ورلڈکپ کے 40ویں میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 28 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا جب کہ اس شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ بھارت کے 315 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی، شکیب الحسن اور سیف الدین کے علاوہ کوئی بیٹسمین بڑی اننگز نہ کھیل سکا، شکیب الحسن 66 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ سیف الدین 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اوپنرتمیم اقبال 22،سومیا سرکار 33،مشفیق الرحیم 24،لیتن داس 22، صابر رحمان 36،مشرفی مرتضیٰ 8، روبیل حسین 9 اور مستفیض الرحمان صفر پر پویلین لوٹے۔
بھارت کی جانب سے بمراہ سب سے کامیاب بولر تھے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، پانڈیا نے 3، کمار، چاہال اور محمد شامی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارت نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز لوکیش راہول اور روہت شرما نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز کی شراکت قائم کی، اوپنر روہت شرما نے سنچری مکمل اور 104 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ برقرار رہا اور بھارتی ٹیم کو مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 314 رنز پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
کپتان ویرات کوہلی نے 26، پانٹ نے 48، پانڈیا صفر، دھونی نے 35، کارتک نے 8 اور کمار نے 2 رنز بنائے جب کہ محمد شامی ایک اسکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ 5 وکٹیں مستفیض الرحمن نے حاصل کیں، شکیب الحسن، روبیل حسین اور سومیا سرکار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔