وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں لیکن اپوزیشن حکومت پرالزام لگا کر اپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمان اور رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی، اجلاس میں اپوزیشن رہنمائوں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن صرف اپنے جرائم سے توجہ ہٹانے کے لیے حکومت پرالزامات لگا رہی ہے، انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں، لیگی رہنما راناثناءاللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں،جن لوگوں پرمقدمات ہیں عدالتوں میں ان کی صفائی دیں، پاکستان میں اب ادارے اورعدالتیں آزاد ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پورا موقع دیا گیا، لیکن اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی، وزیراعظم کو پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کے مسائل اور حل پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پرپوری توجہ دی گئی، معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے، ان فیصلوں کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کومعاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔