پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی پریس ریلیز کے ردعمل میں کہنا ہے کہ سمجھ سکتی ہوں آج بھی آپ نے فیصلے کی طرح تیار شدہ پریس ریلیزپرمجبوری میں دستخط کیے ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ روز پارٹی صدر شہباز شریف اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں مبینہ طور پر احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ناصر بٹ نامی شخص سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں نواز شریف کو دی جانے والی سزا میں دباؤ کا ذکر کر رہے ہیں۔
اس پریس کانفرنس کے خلاف اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے پریس ریلیز جاری کی جس میں انہوں نے ن لیگ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کی۔
جبر و بلیک میلنگ کا شکار ہو کر اپنے ضمیر کے خلاف فیصلہ دینے والے جج صاحب! میں سمجھ سکتی ہوں کہ آج بھی فیصلے کی طرح تیار شدہ پریس ریلیز پر آپ نے مجبوری میں دستخط کیے ہوں گے، تھینک یو ویری مچ، آپ نے ویڈیو کا انکار نا کر کہ تصدیق کر دی۔ باقی شام کو منڈی بہاالدین ۔۔۔۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 7, 2019
پریس ریلیز کے ردعمل میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جبر و بلیک میلنگ کا شکار ہو کر اپنے ضمیر کے خلاف فیصلہ دینے والے جج صاحب، میں سمجھ سکتی ہوں کہ آج بھی فیصلے کی طرح تیار شدہ پریس ریلیز پر آپ نے مجبوری میں دستخط کیے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تھینک یو ویری مچ، آپ نے ویڈیو کا انکار نہ کر کے ہمارے مؤقف کی تصدیق کردی۔