ڈیرہ اسماعیل خان میں محمد خلیل سے کڑی شموزئی کے علاقے منگل میں پانی کے تنازع پرلاشوں کے ڈھیر لگ گئے، ایک فریق کے 5 اوردوسرے فریق کے 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق قوم مدوزئی کے لوگ پہاڑی پانی کو لینے کے لیے گئے تو قوم پخہ خیل کے لوگوں نے کہا کہ ابھی ہمارا وقت ہے جس پر بات بڑھ گئی اور قوم پخہ خیل نے قوم مدوزئی کے لوگوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لطیف، احمد شاہ، حبیب، عصمت اورایک شخص جاں بحق ہوگیا جب کہ 2 افراد قیوم اور سلیم زخمی ہوئے۔
دوسری جانب اطلاع ملنے پر قوم مدوزئی کے مسلح افراد وہاں پہنچے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد قوم پخہ خیل کے دو سگے بھائی ظاہر شاہ اور طاہر شاہ جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک شخص شاہد زخمی بھی ہوا۔
واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اورلاشوں کو مفتی محمود اسپتال ڈیرہ منتقل کردیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔