شہر قائد میں نامعلوم افراد ایک بار پھر متحرک ہوگئے صرف 30 منٹ کے اندر 4 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔
جاں بحق افراد میں نجی ٹی وی سے وابستہ نیوز اینکر مرید عباس بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعات پہلوان گوٹھ اور ڈیفنس میں پیش آئے ۔
پہلا واقعہ پہلوان گوٹھ میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،مقتولین کی شناخت عزیزالوہاب اور محمد نازک کے ناموں سے ہوئی ہے۔
کراچی میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ ڈیفنس میں خیابان بخاری میں ایک ہوٹل پر پیش آیا۔ یہاں سفید کار میں سوار نامعلوم افراد نے ہوٹل میں بیٹھے افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نجی ٹی وی سے وابستہ نیوز اینکر مرید عباس موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے دوست خضر جناح ہسپتال میں دوران علاج چل بسے۔
نجی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ڈیفنس میں فائرنگ کا واقعہ دوستوں میں لین دین کے تنازع پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ روز پہلے اینکر پرسن مرید عباس نے تھانے میں درخواست دی تھی جس میں انہوں نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ بظاہر یہ واقعہ ذاتی رنجش کا ساخشانہ لگتا ہے جس کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کار کی شناخت کرلی ہے تاہم اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔