کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈاوربھارت کا میچ بارش کے باعث روک دیا گیا اوربقیہ میچ آج مکمل کیا جائے گا۔
بارش کی وجہ سے جب میچ روکا گیا تو کیوی ٹیم نے 46 اعشاریہ ایک اوورز میں 5 وکٹوں پر 211 رنز بنا لیے تھے۔ کئی گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود میچ اب تک شروع نہیں ہوسکا، ٹورنامنٹ رولزکے مطابق دو نوں سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔
میچ آج نہ ہو سکا تو دوسرے دن اسی سکور سے دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ بارش کی وجہ سے دوسرے دن میچ ٹونٹی اوورز تک محدود کیا جا سکتا ہے۔
دونوں سیمی فائنلز میں میچ مکمل طور پر واش آؤٹ ہوا تو لیگ میں زیادہ پوائنٹس لینے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔سیمی فائنلز اور فائنل میچ ٹائی ہوا تو فیصلہ سوپر اوور سے کیا جائے گا۔
مانچسٹر میں کھیلے جارہے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈکے کپتان نے ٹاس جیتا اورپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن بھارت کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور صرف ایک رن پر ہی مارٹن گپٹل پویلین لوٹ گئے۔
دوسری وکٹ پر کپتان ولیمسن نے نکولس نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا تو 69 کے مجموعے پر نکولس بولڈ ہوگئے، کپتان نے تجربہ کار راس ٹیلر کے ساتھ تیسری وکٹ پر 65 رنز جوڑے ،اس دوران ولیمسن نے نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ 134 کے مجموعی اسکور پرکیچ آؤٹ ہوگئے، ولیمسن نے 95 گیندوں پر 67 رنز بنائے جس میں 6 چوکے بھی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 162 رنز پرجیمس نیشن کی صورت میں گری جو تجربہ کار راس ٹیلر کا ساتھ چھوڑ گئے،انہوں نے صرف 12 رنز بنائے جب کہ گرینڈ ہوم 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ ٹم ساؤتھی کی جگہ لوکی فرگوسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے پچ بیٹنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے لہذا اچھا ٹوٹل بنانے کی کوشش کریں گے۔ دوسری جانب بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے جب کہ ٹیم میں کلدیپ یادیو کی جگہ چاہل کو شامل کیا گیا ہے۔
ورلڈکپ کے لیگ میچز میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا تاہم بھارت کو ایونٹ میں اب تک صرف انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 7 میچز جیت کر پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ نیوزی لینڈ کو 3 میچز میں شکست ہوئی، 5 جیتے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی چوتھی پوزیشن ہے جب کہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا اور تیسرے نمبر پر انگلینڈ موجود ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔