ایون فیلڈریفرنس کیس کے دوران جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے پر نیب نے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر رکھاہے اور اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کل (جمعہ) کو پیش ہونا ہے لیکن اس موقع پر موبائل فون کمرہ عدالت میں لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔
نجی ٹی وی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ موبائل فون پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور جامع تلاشی کے بعد ہی صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی ،سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق لیگی کارکنان کو بھی احاطہ عدالت میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی ، صرف وہی لوگ عدالت جاسکیں گے جن کے نام پہلے ہی دیے گئے ہیں۔
یادرہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت نمبر 2کے جج ملک ارشد کی ویڈیو مسلم لیگ ن کے ہاتھ لگ چکی ہے جو انہوں نے جاری کی تو فاضل جج کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے تھے اوراحتساب عدالت نمبر ون کے جج بشیرکو ہی دوسری عدالت کی اضافی ذمے داری سونپی گئی۔