آئرلینڈ جیسی ایک ایسی ٹیم جو ورلڈ کپ کیلیے کوالیفائی بھی نہیں کرپائی تھی اس نے عالمی کپ کے بعد پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ کو صرف 85 رنزپرآﺅٹ کردیا۔
لارڈز کے اسی کرکٹ گراﺅنڈ میں جہاں کچھ روز پہلے انگلینڈ نے پہلی بار عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، ٹھیک اسی جگہ پر انگلینڈ کو آئرلینڈ جیسی کمزور ٹیم نے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں صرف 85 رنز پر پویلین بھیج کر کرکٹ شائقین کو حیران کردیا ہے۔
واضح رہے کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے مابین ایک ہی ٹیسٹ میچ پر مشتمل یہ سیریز ہے اور اس کا واحد میچ 4 روز کے دورانیے پر مشتمل ہوگا۔
آئرلینڈ کی جانب سے ٹم مرتاگ نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے صرف 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ 23 سالہ مارک اڈائیر نے بھی میچ کے دوران شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 32 رنز کے عوض 3 انگریزوں کا شکار کیا جبکہ بوئیڈ رانکن کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
آئرلینڈ کی تباہ کن باﺅلنگ کے سامنے ورلڈ چیمپیئنز میں سے کوئی بھی ٹک کر کھڑا نہ ہوپایا اور صرف 3 کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔ انگلینڈ کی جانب سے جو ڈینلی نے 23 ، اولی سٹون نے 19 اور سیم کرم نے 18 رنز بنائے ۔ انگلینڈ کے تین کھلاڑی جیمی بیرسٹو، معین علی اور کرس ووکس کوئی بھی رن نہیں بناسکے اور صفر پر آﺅٹ ہوئے۔