امریکیوں کے مفادمیں معاشی پالیسیاں بنائیں۔فائل فوٹو
امریکیوں کے مفادمیں معاشی پالیسیاں بنائیں۔فائل فوٹو

مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر قائم ہوں۔امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر قائم ہوں۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے معاملے پر اپنی ثالثی کی پیشکش پرقائم ہوں،میرے خیال میں عمران خان اور مودی بہترین لوگ ہیں اور دونوں کی آپس میں اچھی بات چیت ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان سے تو بات کی ہی ہے اور بھارت کے ساتھ بھی بلا تکلف انداز میں بات کی ہے، اگر دونوں ممالک چاہیں کہ کوئی مداخلت کرے یا مدد کرے تو امریکا کرسکتا ہے تاہم مودی پر منحصر ہے کہ وہ پیشکش کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔

دوسری جانب حمزہ بن لادن کی ہلاکت پرڈونلڈ ٹرمپ نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اورصرف اتنا کہا کہ وہ امریکا کو دھمکیاں دیتا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کا کامیاب دورہ کیا جس میں انہوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر امریکی صدر نے عمران خان کو  مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کی تھی جس پر وہ اب بھی برقرار ہیں لیکن بھارت کی جانب سے اس پیشکش کو اب تک قبول نہیں کیا گیا۔