امریکا میں ایک طیارہ رہائشی عمارت کے عقبی حصے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا میں ایک چھوٹا طیارہ رہائشی عمارت کے عقبی لان میں گر کر تباہ ہوگیا اور طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثے میں طیارے میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔
اپر مورلینڈ پولیس چیف مائیکل مرفی کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ایک ہی خاندان کے افراد ہیں جن میں 60 سالہ شوہر، 54 سالہ اہلیہ اور 19 سالہ بیٹی شامل ہیں۔ خوش قسمتی سے طیارہ گرنے کی جگہ پر موجود تمام افراد محفوظ رہے۔
طیارے کی ملکیت اور منزل سے متعلق کسی قسم کی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ طیارے کے ملبے کو ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے ٹھکانے لگا دیا ۔