بھارت میں اسلحہ فیکٹریوں کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف 41 فیکٹریوں کے 82 ہزار ملازمین نے ہڑتال کردی ہے جس کے باعث نیا اسلحہ بننا مکمل طور پر بند ہوگیا اور فوج کو سپلائی بھی معطل ہوگئی۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں آج (منگل کو) تین مختلف ڈیفنس مینوفیکچرنگ یونٹس کے 7 ہزار ملازمین نے ہڑتال کی ہے جس کے باعث فیکٹریوں کی پروڈکشن مکمل طورپررک گئی ہے۔
یہ ہڑتال بھارت بھرمیں 41 فیکٹریوں کے 82 ہزار ملازمین کی اس ہڑتال کا حصہ ہے جو گزشتہ ایک ماہ سے جاری ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں آرڈیننس فیکٹریوں کے سول ملازمین گزشتہ ایک ماہ سے فیکٹریوں کی پرائیویٹائزیشن کے خلاف ہڑتال پر ہیں۔
ہڑتال کرنے والے ان ملازمین کا تعلق اسلحہ ساز فیکٹریوں کی تین یونینز سے ہے ۔ ملازمین کی یونینز کے جنرل سیکریٹریوں نے بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیکٹریوں کی نجکاری کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے۔