برازیل میں جعلی پستول دکھا کر مسافر بس کو ہائی جیک کرنے والا ملزم پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ایک مسلح شخص نے مصروف شاہراہ پرایک بس کو یرغمال بنا لیا، بس میں 31 افراد سوار تھے۔ مسلح شخص کے ہاتھ میں لائٹر اور ایک بوتل تھی جس میں پٹرول بھرا ہوا تھا۔
پولیس کو بس میں سوارایک مسافر نے ٹیکسٹ میسیج میں لکھا کہ ایک مطمئن اورٹھنڈے مزاج والے مسلح شخص نے بس کو اغوا کرلیا ہے، مسلح شخص نے پاس پٹرول سے بھری بوتل بھی ہے۔
پولیس اور ملزم کے درمیان چارگھنٹے زائد عرصے تک مذاکرات جاری رہے، ملزم کی گفتگواورمطالبات میں ربط اورحقیقت پسندی کا فقدان تھا تاہم ملزم نے اس دوران کسی بھی مسافرکو نقصان نہیں پہنچایا۔
چارگھنٹے کے طویل مذاکرات میں ایک ایسا وقت آیا جب ملزم مشتعل ہوگیا اوراس نے بس کوآگ لگانے کی نیت سے پٹرول سے بھری بوتل کا ڈھکن کھولا جس پراسنائپرنے اسے گولی مار دی۔
ملزم کواسپتال لے جایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، 20 سالہ ملزم کی شناخت ایک نفسیاتی مریض کے طور پرہوگئی ہے۔ یہ تمام مناظر ٹی وی چینلز نے براہ راست نشر کیے۔ 6 گھنٹے تک مرکزی شاہراہ معطل رہی۔