شہر قائد میں دوسرے دن بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری جب کہ انتظامیہ کی نااہلی سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 55 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ کراچی کے علاقے صدر میں 42، جناح ٹرمینل میں 41.8، یونیورسٹی روڈ 38 اورکیماڑی میں 32.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جب کہ سب سے کم بارش مسرور بیس پرصرف 2 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔ شہر کی مختلف شاہراہوں کے نشیبی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہے،اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، کورنگی روڈ، شہیدِ ملت ایکسپریس وے سمیت دیگر شاہراہیں متاثرہیں۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث قیوم آباد چورنگی، نیپا، فور کے چورنگی پربرساتی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بجلی بند ہے جب کہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث متاثر ہونے والے علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے، چند مقامات پرپانی جمع ہونے کے باعث مرمتی کام میں تاخیر پیش آئی۔
سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے ملا عیسیٰ گوٹھ میں میں پانی کے گڑھے میں ڈوب کر3 کم سن بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ چوتھے کو بچالیا گیا جوکہ اسپتال میں زیرعلاج ہے، افسوس ناک واقعے کے بعد علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ ایک ہی گھر کے 3 بچوں کی ہلاکت پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔
بدھ کو بارش کے دوران سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے ملا عیسیٰ گوٹھ میں کئی فٹ گہرے گڑھے میں پانی بھرگیا، علاقے کے بچے اس گڑھے میں نہارہے تھے کہ اس دوران 4 کمسن سگے بھائی بھی گڑھے میں اترے لیکن اس کے بعد وہ واپس نہ آسکے متوفیان کی شناخت10سالہ محمد شفیع، 7سالہ عبدالباری، 6سالہ محمد نبی کے نام سے کی گئی، جب کہ 5 سالہ محمد غنی اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی دن بھر مطلع ابرآلود رہے گا اور وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ جمعے کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔