فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے لیے 95 ارب روپے کے دو منصوبے منظور

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی کے لیے 95 ارب روپے کے دو منصوبے منظور کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں ایکنک کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ مشیر خزانہ نے کہا کہ عام لوگوں اور کسانوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایکنک نے گوادر مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کی منظوری دی ہے جب کہ زرعی شعبے کے لیے 8 ارب روپے کے منصوبے منظور کیے ہیں۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ 3 ارب درخت لگانے کا منصوبہ منظور کیا ہے جب کہ مزید 27 لاکھ افراد کو صحت کارڈز جاری کیے جائیں گے۔

کراچی پیکج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت نے شہر قائد کے لیے 95 ارب روپے کے دو منصوبے منظور کیے ہیں، نمائش سے لےکر ملیر تک گرین لائن منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

عبدالحفیظ شیخ نے یہ بھی بتایا کہ سندھ میں تعلیم کے فروغ اور نظام میں بہتری کے لیے سیکنڈری اسکولوں کے لیے 13 ارب روپے منظور کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ منظور شدہ منصوبوں سے ملکی معیشت کو فائدہ ہو گا۔