سعودی عرب اورترکی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وادی اردن کو ریاست میں شامل کرنے کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے مذمت جاری کردی ہے۔
سعودی عرب لیگ اور ترکی نے اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے مغربی کنارے کی وادی اردن میں یہودی بستیاں بنانے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے بیان کو نسل پرستانہ قرار دیدیا۔عرب لیگ نے اسرائیلی وزیراعظم کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے امن متاثرہوگا۔
ترکی کے وزیرخارجہ نے سوشل میڈیا پربیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوالیکشن سے پہلے ہرطرح کے غیر قانونی اورجارحانہ بیانات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر وادی اردن میں یہودی بستیاں بنانے کا نیتن یاہو کا وعدہ نسلی عصبیت کی نشاندہی کرتا ہے۔ آخر دم تک اپنے فلسطینی بھائیوں کے حقوق اورمفادات کا دفاع کرتے رہیں گے۔
سعودی عرب نے اس اعلان کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے فلسطین کے خلاف خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا اوراس حوالے سے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلانے کا اعلان بھی کیا۔