امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی تیل تنصیبات پرحملوں کی پاداش میں ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی ہدایت کردی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ابھی ابھی محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرے۔
https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1174305447513186304
ٹوئٹ میں امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ ایران پر نئی پابندیاں کیوں عائد کی جارہی ہیں تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ پابندیاں سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے تناظر میں ہی عائد کی جارہی ہیں۔
یہ بھی واضح نہیں کہ نئی پابندیوں میں کن ایرانی کمپنیوں اور شخصیات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکا گزشتہ برس جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد پہلے ہی ایران پر متعدد اقتصادی پابندیاں عائد کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی تیل تنصیبات پر حملے کا الزام اب تک امریکی صدر نے براہ راست ایران پر نہیں لگایا ہے تاہم امریکی انتظامیہ کے متعدد اہلکار ایران کو اس میں ملوث کررہے ہیں جبکہ ایران اس الزام کی سختی سے تردید کررہا ہے۔