وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگرکرنا ہے، میں سعودی قیادت کو کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب میں مقیم ممتاز پاکستانیوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پران کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی۔ کشمیر میں ہمارے بھائی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں۔ میں سعودی قیادت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیرایک بین الاقوامی مسئلہ بن گیا ہے۔ پوری دنیا ہمارے بیانیے کو تسلیم کر رہی ہے۔ اوآئی سی نے کشمیرکے مسئلے پر ہماری حمایت کی ہے۔ یواین میں بھی کشمیرکا مسئلہ بھرپورانداز میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو بتایا کہ ہمیں قرضوں کے بوجھ میں ڈوبی معیشت ورثے میں ملی تھی، اب ہر شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے قانونی اصلاحات لا رہے ہیں۔ ہماری حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔