تنزانیہ میں زیر آب محبت کا اظہار کرنے اور شادی کی پیشکش کرنے والا امریکی نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اسٹیون ویبرنامی امریکی شہری اوراس کی گرل فرینڈ کینیشا انٹونے تنزانیہ کے پیمبا جزیرے سے دورمانٹا ریسورٹ کے ایک زیرآب کیبن کے کمرے میں تعطیلات منانے کے لیے ٹھہرے ہوئے تھے جو ساحل سے 250 میٹر کی دوری پر تھا۔
اسٹیون ویبر نے تیسرے روز اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کے لیے پانی میں غوطہ لگایا اور زیر آب کیبن کے اپنے کمرے کی کھڑکی کے شیشے میں تحریری خط چسپاں کیا، اندر کمرے سے ان کی گرل فرینڈ سارے منظر کی ویڈیو بنا رہی تھی۔ویبرانگوٹھی نکالنے کے لیے پلٹے تو گہرائی میں کھو گئے اور کبھی واپس نہیں آئے۔
غوطہ خورٹیم نے اسٹیون ویبر کی لاش کو نکال لیا، ریسٹورینٹ انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ اسٹیون بغیراطلاع دیئے اکیلے ہی گہرے پانی میں غوطہ لگانے چلے گئے، اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں پہنچیں لیکن تب تک بہت دیر ہوگئی تھی۔ گو اسٹیون نے تیراکی والا چشمہ اور فلپرس پہنے ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ ڈوب گئے۔
اسٹیون ویبر نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ ‘ تمھیں یہ بتانے کے لیے کہ میں تم سے متعلق کس کس چیز سے پیار کرتا ہوں، میں اپنی سانس زیادہ دیر تک تھام نہیں سکتا مگر میں تمھاری ہر چیز سے محبت کرتا ہوں، میں ہر گزرتے دن میں تم سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔’ اور وہ واقعی سانس زیادہ دیر تھام نہیں سکے اور ڈوب گئے۔