کراچی کے مختلف علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی دن بھرکی شدید گرمی اورحبس کے بعد دوپہر کو تیز آندھی کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی۔
کراچی میں گزشتہ 5 روز سے دن کے وقت ہوا میں نمی کاتناسب 90 فیصد تک بڑھنے کی وجہ سے گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے گنا زیادہ محسوس کی جارہی ہے جب کہ مسلسل 3 روز سے سہہ پہرکو بارش کے باعث موسم خوشگوارہوجاتا ہے۔
پیر اور منگل کی طرح بدھ کے روز بھی صبح سے ہی موسم انتہائی گرم تھا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے اور سمندری ہواؤں کی بندش کے باعث شدید حبس کی کیفیت تھی تاہم دوپہر کو سیاہ بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ تیز آندھی کے بعد موسلادھار بارش نے موسم کو قدرے خوشگوار کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے ہواکے کم دباؤسے طوفان ہیکا کے اثرات کی وجہ سے شہرمیں دومختلف قسم کے موسم اثرانداز ہورہے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا تھا کہ 26سے 30ستمبر کے درمیان شہر میں ایک بار پھر معتدل اور قدرے تیز بارشوں کا امکان موجود ہے، ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔