برطانوی میڈیا نے رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیاہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی فوج کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیاہے تاہم سعودی عرب نے دعوے کی تصدیق نہیں کی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے بڑی تعداد میں سعودی قصبے نجران کے قریب سعودی فوجیوں کو پکڑنے اورفوج کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیاہے ۔
حوثی باغیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون، میزائل اور فضائی دفاعی نظام کی مدد سے کیے جانے والے حملے میں دشمن فوج کی تین بریگیڈز کو تباہ کیا گیا۔
یمن کے حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں کو سعودی فضائی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے حوثی باغیوں کے دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ حوثی باغیوں کا کہناہے کہ نجران کے قریب بڑی کارروائی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں سعودی عرب کی تیل کی تقریبا آدھی پیداوار متاثرہوئی تاہم اب اسے دوبارہ بحال کردیا گیاہے۔
اس حملے کی ذمے داری بھی حوثی باغیوں کی جانب سے قبول کی گئی تھی لیکن امریکہ نے یہ دعویٰ مسترد کرتے ہوئے حملہ کا ذمے دارایران کو قراردیا تھا اورکہا تھا کہ یمن سے حملے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔